کاروار:08/ستمبر (ایس اؤنیوز)ضلعی اسپتال میں مناسب انتظامات نہ ہونے سے اسپتال کے مریض کافی مشکلات کا سامنا کرنے کے متعلق عوامی اعتراض پر کان دھرتے ہوئے ضلع ڈپٹی کمشنر ایس ایس نکول نے جمعرات کی شام اچانک ضلعی اسپتال کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات اور پاکیزگی کا معائنہ کیا۔
سوشیل ویب سائٹس اور میڈیا میں اسپتال کے بیڈوں پر بلیاں، چوہے وغیرہ بھاگ دوڑ کرنےکی تصاویر وائرل ہونے کو لے کر کافی چرچا جاری تھی ۔ ڈی سی نکول نے اس کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے اسپتال کا اچانک دورہ کیا اور اسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کرنے کے بعد اسپتال کی پاکیزگی کو لے کر اپنی بے اطمینانی کااظہار کیا۔ اس دوران انہوں نے ضلع سرجن کو ہدایات جاری کیں کہ وہ وارڈوں میں داخل ہوئے مریضوں کے لئے مناسب انتظامات کریں ، مریضوں کی دیکھ بھال اور نگرانی ڈھنگ سے کی جائے۔ اسپتال کے افسران کے ساتھ اسپتال میں کیانٹین اور ٹائلیٹ تعمیر کے متعلق گفتگو کی۔ اس موقع پر ضلع سرجن ڈاکٹر شیوانند اور دیگر عملہ موجود تھا۔